هفته,  28  ستمبر 2024ء
پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کوغیر متزلزل اعتماد ہونا چاہئے،آرمی چیف

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف کارروائیوں کے لیے پُرعزم ہے۔ پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہئے۔کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ایک سال پہلے آپ لوگوں کو کہا تھا مایوس مت ہوں،مایوسی گناہ ہے، معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی۔ پاکستان کی خوشحالی کے لئے کبھی امید نہیں چھوڑنا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان اپنے وسائل اور صلاحیت پر اقوام عالم میں جائز مقام لینا چاہتا ہے، دوست ممالک بالخصوص چین،سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔ کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مغربی سرحد پر اسمگلنگ کنٹرول کرنے کے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے، گوگل ،اسٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔ جنرل عاصم منیر نے تاجر برادری کو معاشی ترقی میں کردار اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ ملکر کام کرنے کی دعوت بھی دی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News