اتوار,  29  ستمبر 2024ء
نوجوانوں کی پولیسنگ کی تربیت: فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا کامیاب اختتام

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)ئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق، راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام کا کامیاب اختتام ہوا۔ اس پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے شرکت کی، جہاں انہیں دو ہفتے کے دوران پولیس کے مختلف شعبوں کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں۔

انٹرن شپ پروگرام میں سینئر پولیس افسران نے طلباء کو پولیس اسٹیشن کی ورکنگ، پولیس خدمت مرکز، فرنٹ ڈیسک، مختلف پولیس ایپس، ٹریفک پولیس، اور قانونی و عدالتی کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ، طلباء کو سپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن، پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، ٹریفک ہیڈکوارٹرز اور پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ کا دورہ بھی کروایا گیا، تاکہ وہ عملی طور پر پولیسنگ کے مختلف پہلوؤں کو سمجھ سکیں۔

ایس ایس پی آپریشنز فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) حافظ کامران اصغر نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو پولیسنگ میں شامل کرنا اور اس شعبے میں بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کی شرکت سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی، کیونکہ نوجوان نسل پولیس ورکنگ اور سروس ڈیلیوری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انٹرن شپ پروگرام کا مقصد شہریوں، خاص طور پر نوجوان طلباء و طالبات کو مؤثر پولیسنگ، جرائم کی روک تھام، تعلیمی اداروں میں منشیات کے تدارک، اور دیگر معاشرتی مسائل کے حل میں معاون بنانا ہے۔ تقریب کے اختتام پر، ڈی ایس پی ایڈمن نے فرینڈز آف پولیس انٹرن شپ پروگرام میں شامل طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News