اتوار,  29  ستمبر 2024ء
حکومت نے مزید سرکاری ادارے بند کرنے کی تجاویز تیار کر لیں

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )حکومت نے رائٹ سائزنگ اقدامات کے تحت مزید سرکاری ادارے بند کرنے کی تجاویز تیار کر لی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق وزارت صنعت وپیداوار کے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اور نیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن سمیت دیگر اداروں کو بند کرنے کی نشاندہی کی گئی۔وفاقی حکومت کاحجم اوراخراجات کم کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر کام جاری ہے جس میں اداروں کو بند کرنا، نجکاری اور ضم کرنے سمیت دیگر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزارت صنعت وپیداوار کے ادارے کراچی ٹولز ڈائز اینڈ مولڈز سنٹر اورنیشنل پروڈیکٹوٹی آرگنائزیشن بند کرنے کی تجویز ہے، اسی طرح پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سنٹر اور ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اینڈ سکل ڈویلپمنٹ کمپنی کو بھی بند کرنے کی تجاویز تیار ہیں اس کے علاوہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی نج کاری کرنے یا اسے ختم کرنے کے دونوں آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔

اخبار کے مطابق وزیراعظم نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن اور نیشنل فرٹیلائزر مارکیٹنگ لمیٹڈ کو بند کرنے کے لئے بھی وزارت صنعت و پیداوار کو ٹاسک دیا ہوا ہے۔تیار کی گئی تجاویز وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے پیش کی جائیں گی، وزیراعظم کی منظوری کے بعد ان تجاویز کی کابینہ منظوری دے گی، واضح رہے کہ وزیر خزانہ کی سر براہی میں رائٹ سائزنگ کمیٹی حکومت کے انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات پر کام کر رہی ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News