اتوار,  29  ستمبر 2024ء
شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ڈھاکا (روشن پاکستان نیوز) بنگلادیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔بنگلادیشی ٹیم ان دنوں بھارت کے دورے پر ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔کان پور میں دوسرے ٹیسٹ سے قبل شکیب الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں وہ اس فارمیٹ میں بنگلادیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔

شکیب نے بتایا کہ اکتوبر میں ڈھاکا میں جنوبی افریقا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کے بعد وہ اس فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے بنگلادیش میں جاری سیاسی کشیدگی کی وجہ سے اب تک اپنی ٹیم کو سیریز کے لیے سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی ۔

اگر جنوبی افریقا سیریز نہیں ہوتی تو کان پور میں جمعہ سے شروع ہونے والا بھارت کے خلاف ٹیسٹ شکیب الحسن کا آخری ٹیسٹ ہو گا لیکن امید ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی۔ اس کے علاوہ شکیب الحسن نے یہ بھی تصدیق کی کہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے بعد وہ ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ میں اس فیصلے سے خوش ہوں، مجھے اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا نہیں ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ میرے اور بنگلا دیش کرکٹ کے لیے صحیح وقت ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News