اتوار,  29  ستمبر 2024ء
ڈاکٹر شبیر میثمی کاپارا چنار میں حالات خراب کرنے والے شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ،

 

اسلام آباد (سٹی رپورٹر) – شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پارا چنار میں امن و امان کی خراب صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالات خراب کرنے والے شرپسند عناصر کے خلاف سختی سے نمٹا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کیا جا سکے۔

ڈاکٹر میثمی نے کہا کہ “کرم کے انتہائی کشیدہ حالات میں حکومت کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مورچوں کو خالی کروانا چاہیے۔” انہوں نے ایک ماہ قبل ہونے والے تشدد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں درجنوں بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں اور اب دوبارہ ایسے واقعات پیش آنا افسوسناک ہے۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ زمینی تنازعات کے حل کے ساتھ ساتھ بارڈر پار سے دراندازی کو روکنے کے اقدامات کرے، جس کی وجہ سے دہشت گرد معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر میثمی نے کہا کہ “صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر صورتحال کو کنٹرول کریں، ورنہ حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔”

انہوں نے بڑھتے ہوئے شدت پسند رویوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ “اگر کوئی مقدس ہستی کی توہین کرتا ہے تو اسے قانون کے مطابق سزا دی جائے، نہ کہ لوگ خود انصاف کرنے کی کوشش کریں۔” ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا بنیادی کام شہریوں کا تحفظ اور انصاف فراہم کرنا ہے، لیکن حالیہ واقعات میں حکومتی رٹ ختم ہوتی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر میثمی نے معاشرتی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رویے کی بھی مذمت کی اور کہا کہ “بہت سے افراد محض الزام، افواہوں یا ذاتی عناد کی بنا پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، حالانکہ قرآن میں بدظنی اور تہمت سے منع کیا گیا ہے۔”

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ اس حساس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے، تاکہ امن و امان کی بحالی ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News