اتوار,  29  ستمبر 2024ء
نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سےمحفل نعت و قوالی، معروف نعت خواں اور قوال حضرات کی شرکت

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں عید میلاد النبیؐ کی مناسبت سےمحفل نعت و قوالی، معروف نعت خواں اور قوال حضرات کی شرکت

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ربیع الاول کے بابرکت مہینے کی مناسبت سے عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے ایک شاندار محفل نعت و قوالی کا اہتمام کیا گیا۔ اس محفل میں ملک کے معروف نعت خواں اور قوال حضرات نے شرکت کی۔

تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی۔ پہلے حصے میں نعت خواں حضرات، جن میں سید زبیب مسعود شاہ، قاری عبید الرحمان اعظمی، محمد اسید عالم، جہانگیر منہاس، تصور زمان بابر، راجہ شوکت اور دیگر شامل تھے، نے اپنے مخصوص انداز میں پیارے نبیؐ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ دوسرے حصے میں قوال حضرات نے اپنے فن کا جادو جگایا۔

محفل کی نظامت کے فرائض محمد رضوان خالد نے انجام دیے۔ تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں ماجد ماشکی، پریس قونصلر ایران ایمبیسی، سابق وزیر سینیٹر طلحہ محمود اور عطاری گروپ کے سی ای او سیف الرحمان عطاری شامل تھے۔

صدر نیشنل پریس کلب، اظہر جتوئی نے تقریب کے انعقاد میں حصہ لینے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میلاد کی محفل کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ سیکرٹری نیشنل پریس کلب، نیئر علی نے کہا کہ یہ مہینہ بہت بابرکت ہے، جس میں خاتم النبیین کا ظہور ہوا، اور ہم سب خوش قسمت ہیں کہ ہم ان کی امت ہیں۔

محفل کا آغاز نعت رسول مقبول کی تلاوت سے کیا گیا، اور اس موقع پر سی ڈی اے ورکرز یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین، این پی سی کے نائب صدر سید ظفر ہاشمی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری سید عون شیرازی، اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔ محفل میں سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، جو اس بابرکت موقع پر نبیؐ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News