اتوار,  06 اکتوبر 2024ء
وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ اقوام متحدہ کی مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا دورہ اقوام متحدہ کی مصروفیات کا شیڈول سامنے آگیا، جس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف 23 سے 27 ستمبر 2024 تک نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں پاکستان کی کثیرالجہتی حمایت کا اعادہ کریں گے، عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت کا اعادہ کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر مسئلہ فلسطین، مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں ناانصافیاں دور کرنے کی ضروروت پر زور دیں گے اور بین الاقوامی اقتصادی تعلقات میں عدم مساوات کو دور کرنے اور بین الاقوامی مالیاتی ڈھانچے میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عالمی برادری پر بھی زور دیں گے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور اسلامو فوبیا کی بڑھتی ہوئی لہر کا مقابلہ کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر کئی اعلیٰ سطحی میٹنگز بھی کریں گے جن میں ”سطح سمندر میں اضافے سے لاحق خطرے پر اعلیٰ سطحی میٹنگ“ اور ”لیڈر شپ فار پیس“ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مباحثہ شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پائیدار ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے عالمی سطح پر درکار اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے عالمی رہنماؤں کے گروپ سے بھی بات چیت کریں گے جبکہ وزیراعظم کے پروگرام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور جنرل اسمبلی کے صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں شامل ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کا اجلاس پاکستان کے لئے علاقائی اور بین الاقوامی اہمیت کے اہم مسائل پر اپنا نقطہ نظر پیش کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے، وزیراعظم 2025-26 کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بننے والے رکن کے طور پر اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے، تنازعات کی روک تھام، امن کے فروغ اور عالمی خوشحالی کو فروغ دینے کے لئے اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار بھی کریں گے۔

وزیراعظم امریکا روانگی سے قبل مختصر دورے پر لندن پہنچ گئے

یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف امریکا روانگی سے قبل مختصر دورے پر لندن پہنچے، لندن پہنچنے پر ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے لوٹن ائیرپورٹ پر وزیراعظم کا استقبال کیا جبکہ شہباز شریف کو لوٹن ائیر پورٹ سے پولیس کے پروٹوکول کے ساتھ لایا گیا۔

وزیراعظم لندن میں 2 روز قیام کے بعد امریکا روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

یو این اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم کی بائیڈن سے ملاقات طے نہیں، منیر اکرم

دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ یو این اجلاس کے سائیڈ لائن پر وزیراعظم شہبازشریف کی بائیڈن کے ساتھ باقاعدہ ملاقات طے نہیں، وزیراعظم کی یو این سیکرٹری جنرل سمیت دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے ملاقات طے ہے۔

منیراکرم نے مزید کہا کہ جغرافیہ نہیں بدل سکتا، ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیں تعلق رکھنا ہی ہے، افغان طالبان کی بہت سی پالیسیوں سے اختلاف کے باوجود رابطے ضروری ہیں، کئی مسائل ہیں لیکن ہمارا تعلق افغان عوام سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستانی عوام کے درمیان تعلق نہیں بدلتا، ہمیں اپنی سیکیورٹی کے لیے جو ایکشن لینا ہے وہ لے رہے ہیں، ہمارا مؤقف برقرار ہے، افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں، ہم افغان حکومت کی غلطیاں درست کرنا چاہتے ہیں، افغانستان سے متعلق ہماری جامع پالیسی ہے جو جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم اور وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ ترمیمی پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس منظور کر لیا

مزید خبریں