جمعه,  20  ستمبر 2024ء
نااہلی اور بدنظمی، چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمشنر سندھ سمیت تین افسران معطل کر دیے

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے نااہلی اور بدنظمی پر محکمے کے 3 افسران کو 120 دن کیلئے معطل کر دیا۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ معطل ہونے والے افسران میں صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن و صوبائی الیکشن کمیشن سندھ اظہر حسین ٹنواری اور الیکشن افسر کراچی خدا بخش شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں افسران انکوائری کے مکمل ہونے اور اگلے احکامات تک کراچی میں رہیں گے جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال کو قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 17 ستمبر کی رات پپری کراچی میں اسٹرانگ روم کے تالوں کو زبردستی توڑ کر مختلف پولنگ سٹیشنز کے متعدد بیگز کو نقصان پہنچایا گیا جس کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ انکوائری کمیٹی میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احمد اور آر ای سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں،کمیٹی 3 دن میں تحقیقات مکمل کر کے اپنی رپورٹ دے گی۔

مزید پڑھیں: آئینی ترمیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے کردار کا کچھ نہیں کہہ سکتا :بانی پی ٹی آئی عمران خان

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News