اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کیلئے 60 روز کی مہلت دے دی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر جے یو آئی (ف) کی جانب سے جونیئر وکیل پیش ہوئے۔
دوران سماعت جے یو آئی (ف) کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کی پارٹی کے انتخابات مرحلہ وار ہو رہے ہیں، سب سے زیادہ ضلعی یونٹس کے انتخاب میں وقت لگا ہے، ہم نے دستاویزات جمع کرائی، جس میں انتخاب کا شیڈول دیا ہوا ہے۔
وکیل جے یو آئی (ف) نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ جولائی سے انٹرا پارٹی انتخاب کا عمل شروع ہو چکا ہے، انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے 60 دن کی مہلت دی جائے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ 60 دن تو زیادہ ہیں جس پر وکیل جے یو آئی (ف) نے مؤقف اپنایا کہ آئینی اصلاحات کا معاملہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے مصروفیت تھی۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن کیجانب سےعام انتخابات کیلئے لگائے گئے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ طلب
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ آئینی اصلاحات کا انٹرا پارٹی انتخاب سے کوئی تعلق نہیں، 29 ستمبر کو وفاق میں جے یو آئی ( ایف) کا الیکشن ہے اس کے بعد آپ کو مہلت نہیں ملے گی۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے جے یو آئی (ف) کو انتخابات کرانے کیلئے 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی، تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔