بدھ,  15 جنوری 2025ء
کراچی سپر ہائی وے سے پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل کے ڈرائیور کی لاش برآمد

کراچی (روشن پاکستان نیوز)کراچی میں سپرہائی وے پر آغا خیل گراﺅنڈ کے قریب سے پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ڈرائیور کی گولی لگی لاش ملی ہے۔
پولیس کے مطابق سپرہائی وے پر چاکر ہوٹل آغا خیل گراﺅنڈ کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی شناخت شاہنواز کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول صبح چار بجے گھر سے نکلا تھا، لاش صبح 6 بج کر50 منٹ پر سڑک کنارے سے ملی، شبہ ہے مقتول کو ملزمان نے کسی اور مقام پر قتل کیا اور لاش سپرہائی وے آغا خیل گراﺅنڈ کے قریب پھینکی، مقتول کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

شاہنواز کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اس کی کسی کے ساتھ کوئی رنجش نہیں تھی، وہ روزانہ ڈیوٹی پر جاتا اور گھر واپس آتا تھا، آج بھی صبح 4 بجے کے وقت وہ ڈیوٹی کے لئے نکلا تھا لیکن پھر ہمیں صبح 7 بجے کے وقت شاہنواز کی لاش ملنے کے بارے میں اطلاع دی گئی۔

اس حوالے سے حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ شاہنواز میرے پاس 20 سال سے ڈرائیور تھا، شاہنواز میرے پاس گھر آنے کے لئے نکلا تھا، مقتول کی موٹر سائیکل غائب ہے لیکن دیگر قیمتی اشیاءموجود ہیں، پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے معاملے کی میرٹ پر تفتیش کی جائے۔

مزید پڑھیں: مولانا کو کوئی آفر نہیں کی، اصولی مؤقف لیا، وہ اُس پر قائم ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا مقتول ڈرائیور نے کبھی کسی خطرے یا دھمکی کا ذکر نہیں کیا، تفتیش کے بعد پتہ چلے گا کہ قتل کی اصل وجہ کیا ہے۔

مزید خبریں