جمعرات,  05 دسمبر 2024ء
لاہور پولیس کی کارروائی،انتہائی خطرناک اشتہاری ملزم گرفتار کر لیا گیا

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز)لاہور پولیس نے قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلے اور ہوائی فائرنگ کے مقدمات میں مطلوب انتہائی خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق پولیس نے جب ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزم عمران صابر نے پستول نکال کر خود کشی کی کوشش کی لیکن پولیس ٹیم نے اشتہاری ملزم کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر کے پستول اپنے قبضے میں لے لیا۔انچارج انویسٹی گیشن ڈیفنس ضمیر حسین نے بتایا کہ 2021 میں ملزم عمران صابر نے ذاتی رنجش کی بنا پر 24 سالہ لڑکی ماہم کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2021 میں ہی ملزم نے تھانہ ہربنس پورہ کے علاقے میں ذاتی رنجش کی بنا پر شہری کاشف شریف اور اس کے دوست کاشف آصف کو فائرنگ کرکے بے دردی سے قتل کردیا تھا۔2022 میں ملزم نے تھانہ کاہنہ کے علاقہ میں پولیس پر فائرنگ کر دی تھی جس سے گرفتار ملزمان قربان اور سیف اللہ ہلاک ہو گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم عمران صابر کو جدید ٹیکنالوجی سمیت ہیومن انٹیلی جنس اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے اور مضبوط چالان مرتب کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے انتہائی خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ کا اعلان کیا۔

مزید خبریں