بدھ,  18  ستمبر 2024ء
راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں لوئر کلاس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

 

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں لوئر کلاس کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔ آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی سیکورٹی، ایس پی صدر، ایس پی راول، ایس پی سی آئی اے، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز، ایس ڈی پی اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

گوجرانوالہ، اٹک اور راولپنڈی کے 610 ٹرینیز نے لوئر کلاس ٹریننگ کورس کا امتحان پاس کیا۔ یہ کورس کانسٹیبل سے ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی کے لیے محکمانہ کورس ہے۔ راولپنڈی کے 309 ٹرینیز سمیت 09 لیڈی افسران نے امتحان کامیابی سے پاس کیا۔ ٹرینیز کو اکیڈمک کورسز، پریکٹیکل فیلڈ ٹریننگ، کلوز کوارٹر کومبیٹ اور ٹیکٹیکل ریڈز کی تربیت دی گئی۔

کورس میں مجموعی طور پر 80 فیصد افسران نے A+ اور 20 فیصد نے A گریڈ حاصل کیا۔ راولپنڈی پولیس نے 07 میں سے 06 نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔ راولپنڈی کے کانسٹیبل محمد وقار نے آل راؤنڈ فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ لیڈی کانسٹیبل اسماء مطلوب نے آل راؤنڈ سیکنڈ اور اکیڈمک میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ گوجرانوالہ کی لیڈی کانسٹیبل تہمینہ محمود نے آل راؤنڈ سیکنڈ پوزیشن حاصل کی۔

راولپنڈی کے کانسٹیبل حسن خان اور توقیر ذوالقرنین نے آل راؤنڈ تھرڈ کی پوزیشن حاصل کی۔ گوجرانوالہ کے کانسٹیبل عبدالجبار نے ویپن ہینڈلنگ اور فائرنگ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ راولپنڈی کے کانسٹیبل محمد وقاص اور ضلع اٹک کے کانسٹیبل وحید اقبال نے پریڈ میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی، جبکہ راولپنڈی کے کانسٹیبل محمد ہارون حسین اور محمد نعیم نے فزیکل فٹنس میں فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔

آر پی او راولپنڈی نے کامیاب ٹرینیز کو سرٹیفیکیٹس اور انعامات سے نوازا۔ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق افسران کی ترقی کا عمل جاری ہے۔ سی پی او راولپنڈی نے کہا کہ آپ کے اوپر اب پہلے سے زیادہ ذمہ داریاں ہیں اور پولیس کی سروس میں کردار اور اخلاق اہم ہیں۔ سی پی او راولپنڈی اور راولپنڈی پولیس نے بہترین ٹریننگ کورس کے انعقاد پر لائق تحسین قرار دیے گئے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے آر پی او بابر سرفراز الپا کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News