بدھ,  18  ستمبر 2024ء
امریکا ، لاپرواہ ڈرائیور نے پاکستانی طالبہ دانیا ظہیر کو روند ڈالا ،حکومت اور کمیونٹی متحرک

 

امریکا کی ریاست ٹیکساس میں لاپرواہ ڈرائیور نےکراچی سے تعلق رکھنے والی پاکستانی طالبہ دانیا ظہیر کو روند ڈالا جس کے بعد حکومت اور کمیونٹی متحرک ہوگئی ہے۔ہیوسٹن کی یونیورسٹی میں ایم بی اے کی طالبہ دانیا ظہیر گھر لوٹتے ہوئے سڑک پار کر رہی تھی کہ تیز رفتار گاڑی نےاسے روند ڈالا جس سے اس کے جسم کے مختلف حصوں کی چھ سے زائد ہڈیاں فریکچر ہوگئیں۔آج آپریشن کے بعد واضح ہوسکے گا کہ دانیا ظہیر چلنے پھرنے کے قابل بھی ہوگی یا نہیں۔

کراچی سےتعلق رکھنےوالی طالبہ کا کہنا ہےکہ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے سہانے خواب سجائے امریکا آئی تھی اور بہترین کارکردگی اور قابلیت کے سبب اساتذہ اسے ڈگری لینے کے بعد یونیورسٹی ہی میں ملازمت دینے کی پیشکش کرچکے تھے۔ اس کے تصور میں بھی نہ تھا کہ ایسا حادثہ پیش آئے گا۔

دانیا ظہیر نے کہا کہ کار سوار شخص اس قدر سنگدل تھا کہ اس نے پیچھے مڑ کر یہ تک نہ دیکھا کہ میں زندہ بھی بچی ہوں یا مرگئی۔ شدید تکلیف میں مبتلا دانیا کا کہنا تھا کہ اپنی جسمانی حالت دیکھ کر وہ زندگی سے مایوس ہوگئی ہے۔صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحق ڈار نے ٹیکساس میں پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کو ٹیلی فون کیا اور انہیں ہدایت دی کہ اسپتال جاکر دانیا ظہیر کی عیادت کریں اور طالبہ کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ ہیوسٹن میں حادثے کا شکار پاکستانی طالبہ کا آپریشن کامیاب ہو۔اسحاق ڈار کی ہدایت پر آفتاب چوہدری فوری طورپر اسپتال پہنچے ، سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری، امریکن پاکستانی ری پبلکن اور پولیس افسر علی شیخانی اور کمیونٹی کی دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اسحاق ڈار کی ہدایت پر آفتاب چوہدری فوری طورپر اسپتال پہنچے ، سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابرغوری، امریکن پاکستانی ری پبلکن اور پولیس افسر علی شیخانی اور کمیونٹی کی دیگر شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

پاکستانی امریکن پولیس افسر علی شیخانی نے بتایا کہ پولیس واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کر رہی ہے اور یہ بظاہر ہٹ اینڈ رن کیس ہے، یقینی طور پر پولیس جلد ہی ملزم کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائے گی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News