بدھ,  18  ستمبر 2024ء
لاہور، بغیر لائسنس اور ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کے داخلے کو محدود کرنے کا فیصلہ

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز) لاہور میں بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں، ایل پی جی گیس سلنڈر والی گاڑیوں، اور رکشوں کے داخلے پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شہریوں کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے پختہ عزم رکھتے ہیں، اور اس ضمن میں مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس موٹرسائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ ایل پی جی گیس سلنڈر استعمال کرنے والے رکشوں اور پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ راوی پل، سگیاں، ٹھوکر نیاز بیگ، بابوصابو، اڈا پلاٹ، اور نواز شریف انٹرچینج پر پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ ہربنس پورہ، گجومتہ، اور بھٹہ چوک سمیت دیگر مقامات پر بھی چیکنگ کے لیے نفری تعینات کی گئی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو چالان کر کے شہر میں داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، تاہم آئندہ ہفتے سے بغیر ہیلمٹ سواروں کے داخلے کو محدود کر دیا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور، عمارہ اطہر، نے بتایا کہ ایل پی جی گیس استعمال کرنے والے رکشوں اور ویگنوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے ایل پی جی گیس سلنڈر اتار دیے جائیں گے۔

عمارہ اطہر نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور بغیر لائسنس موٹرسائیکلوں کو فوری لائسنس بنانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق، سخت کریک ڈاؤن سے قانون شکن عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی اور شہریوں کو قوانین کی پیروی پر آمادہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ڈویژنل اور سرکل افسران کو احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News