بدھ,  26 نومبر 2025ء
ممبر قومی اسمبلی سحر کامران نے زرعی بحران پر قومی اسمبلی میں آواز اٹھا دی

 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ممبر قومی اسمبلی سحر کامران نے قومی اسمبلی میں زرعی ادویات، کھادوں اور دیگر زرعی ضروریات کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے کسان نئی فصل کاشت کرنے سے قاصر ہو چکے ہیں اور اس صورتحال میں زرعی پیداوار کو برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

سحر کامران نے نشاندہی کی کہ کھاد کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کسانوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے فصل کی پیداواری لاگت بڑھ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیج سمیت دیگر زرعی ضروریات کی قیمتیں بھی غیر معمولی طور پر بڑھا دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے کسانوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں سبز انقلاب لانے کیلئے کسانوں کو جدید مشینری فراہم کی جائے اور کھاد، بیج اور ادویات کی قیمتوں کو کم کیا جائے تاکہ کسان اپنی فصلیں کاشت کرنے میں آسانی محسوس کریں۔ سحر کامران نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اقدامات نہ کیےتو گزشتہ سال کے تلخ تجربات کی وجہ سے اس سال کسان گندم کاشت کرنے سے گریز کر سکتے ہیں،۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسانوں کو بروقت سہولیات دی جائیں تو ملکی زرعی پیداوار ملکی ضرورت سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف زرعی شعبے کی بحالی ممکن ہوگی بلکہ ملکی معیشت کو بھی استحکام ملے گا۔

مزید خبریں