بدھ,  15 جنوری 2025ء
آپ پارلیمنٹ سے کسی کو گرفتار نہیں کرسکتے، اسپیکر قومی اسمبلی کا آئی جی اسلام آباد کو تمام گرفتار رہنماؤں کی رہائی کا حکم

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آئی جی اسلام  آباد کو پاکستان تحریک انصاف کے تمام گرفتار رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی  رکن اسمبلی کو پارلیمنٹ یا پارلیمنٹ لاجز سے گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے لیے اپوزیشن سے درخواست بھی طلب کرلی ہے۔

آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے پر آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کو طلب کیا تھا۔ انہوں نے قومی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو بھی اپنے چیمبر میں طلب کیا تھا۔ اسپیکر نے پولیس افسران کو ارکان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات بھی ساتھ لانے کو کہا تھا۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق، اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی ارکان کی فوری رہائی کا حکم دیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے سوال کیا کہ ‏گزشتہ رات کا واقعہ کیوں پیش آیا اور کس نے ہدایت دی، تمام ممبران میرے کولیگز ہیں، تمام ممبران کی عزت میری عزت ہے، کسی بھی ایم این اے کی تضحیک برداشت نہیں، کسی بھی ممبر کو پارلیمنٹ ہاؤس یا لاجز سے گرفتار نہیں کیا جاسکتا، یہ عمل ناقابل برداشت ہے۔ اسپیکر کی ہدایات پر آئی جی اسلام آباد نے کہا ہے کہ وہ معاملے کی تمام تفصیلات اور واقعہ کی تمام تحقیقات اسپیکر قومی اسمبلی کو فراہم کریں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند کرنے کا اعلان

اسپیکر کے چیمبر اسلام آباد پولیس کے تینوں افسران نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالے سے وضاحت پیش کی، بعد ازاں حکومتی اور اپوزیشن ارکان کی مشاورت کے بعد اسپیکر نے آئی جی اسلام آباد کو پی ٹی آئی رہنماؤں کو رہا کرنے کا حکم دیا۔ اسپیکر چیمبر میں مشاورت میں صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان، جمعیت علما اسلام کے رہنما نور عالم خان، ایم کیو ایم رہنما امین الحق کے علاوہ رانا ثنا اللہ، شاندانہ گلزار اور صاحبزادہ حامد رضا بھی شریک تھے۔

مزید خبریں