جمعرات,  19  ستمبر 2024ء
انتہائی ناقص تعلیمی نظام، 134 اضلاع میں سے ایک بھی ضلع بہترین انڈیکیٹرز کی درجہ بندی میں شامل نہ ہو سکا ،دیکھیں

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 134 اضلاع میں سے ایک بھی ضلع تعلیمی کارکردگی کے لحاظ سے بہترین انڈیکیٹرز کی درجہ بندی میں شامل نہیں ہے۔وزارت منصوبہ بندی کی طرف سے جاری کردہ ضلعی ایجوکیشن رپورٹ 2023 میں اسلام آباد سمیت ملک بھر کے اضلاع کی تعلیمی کارکردگی کی درجہ بندی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ درجہ بندی اسکولوں میں دستیاب سہولیات، کورس، طلبہ کے نتائج اور اساتذہ کی دستیابی سمیت دیگر انڈیکیٹرز کی بنیاد پر کی گئی ہے۔تعلیمی لحاظ سے بہتر کارکردگی دکھانے والے اضلاع میں اسلام آباد کا پہلا، جہلم کا دوسرا اور چکوال کا تیسرا نمبر ہے۔

وزارت منصوبہ بندی نے رپورٹ میں تعلیمی لحاظ سے بہتر کارکردگی دکھانے والے اضلاع کو شامل کیا ہے، تعلیمی لحاظ سے پنجاب کے بیشتر اضلاع پہلے نمبر پر ہیں جبکہ خیبر پختونخوا کے اضلاع دوسرے، سندھ کے اضلاع تیسرے اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع تعلیمی لحاظ سے آخری نمبر پر ہیں۔ملک بھر کے 134 اضلاع میں سے کوئی بھی ضلع سب سے بہترین درجے میں شامل نہیں ہے۔اس رپورٹ میں پاکستان کے تعلیمی لحاظ سے اعلیٰ، اوسط اور پست کارکردگی کے اضلاع شامل کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بہترین کارکردگی میں اسلام آباد پہلے نمبر پر ہے جبکہ پست کارکردگی میں مجموعی طور پر ملک بھر کے 77 اضلاع شامل ہیں، ان اضلاع میں بلوچستان کے 33، خیبر پختونخوا کے 18، پنجاب کے 4 اور سندھ کے 22 اضلاع شامل ہیں۔وزارت منصوبہ بندی کی رپورٹ میں تعلیمی کارکردگی بڑھانے کے لیے اقدامات بھی تجویز کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی معیار اور کارکردگی بڑھانے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بجٹ کی کمی، دستیاب بجٹ کا بہتر استعمال نہ کرنا اور انسانی وسائل کی قلت ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News