هفته,  23 نومبر 2024ء
عمران خان کا میڈیکل چیک اپ ذاتی معالجین سے کروانے کیلئے درخواست دائر کردی گئی

 

اسلام آباد(روشن پاکستا ن نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کروانے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ذاتی معالجین سے علاج کروانا عمران خان کا حق ہے، عمران خان کے ذاتی معالجین جوانی کے دور سے انکا علاج کر رہے ہیں، ٹرائل کورٹ کے بارہا احکامات کے باوجود جیل انتظامیہ ذاتی معالجین کو چیک اپ کی اجازت نہیں دے رہی، ذاتی معالج سے علاج کی اجازت نہ دینا آئین کے آرٹیکل 9 حق زندگی کے برخلاف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینے سے عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں، بدقسمتی سے دیگر سیاسی قیدیوں کو جیل میں وی آئی پی ٹریٹمنٹ دیا جاتا ہے، جیل انتظامیہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی حقوق فراہم کرنے کیلئے بھی تیار نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر سمینہ نیازی کو بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک کی اجازت دی جائے، ذاتی معالجین کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کیلئے 15 روزہ شیڈول ترتیب دیا جائے، مستقبل میں بھی ذاتی معالجین کو بلا روک ٹوک بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ کی اجازت دی جائے۔اسلام آباد میں دائر درخواست میں وزارت داخلہ اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا۔

مزید خبریں