لاہور (روشن پاکستان نیوز)لاہور میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے خاتون اینکر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے وی لاگر عمر عادل کو گرفتار کرلیا لیکن عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔
معروف ٹی وی اینکر غریدہ فاروقی نے اپنی درخواست میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو بتایا تھا کہ ڈاکٹر عمر عادل نے سوشل میڈیا پر گفتگو میں انہیں ہدفِ تنقید بنایا اور توہین آمیز انداز اختیار کیا۔ غریدہ فاروقی کا اپنی درخواسست میں دعویٰ تھا کہ ڈاکڑ عمر عادل نے جو زبان استعمال کی اس سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔ٹی وی اینکر کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی عمر عادل کی ویڈیو نے ان کا وقار مجروح کیا ہے۔ نجی زندگی میں در اندازی سے ساکھ کو شدید دھچکا لگا ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے پوچھ گچھ کے لئے آنے والے عمر عادل کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔ایف آئی اے سائبر کرائم نے ملزم عمر عادل کو عدالت پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزم کو 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا۔