اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)چین کے سائنسدانوں نے چاند کی سطح کے نمونوں میں منرلز کے ساتھ پانی کو دریافت کیا ہے۔ویسے چاند پر پانی کی موجودگی نیا انکشاف نہیں، اس سے قبل امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی چاند کی سطح پر پانی کے آثار دریافت کیے تھے۔
مگر چینی سائنسدانوں نے پہلی بار چاند کی سطح پر پانی کو مالیکیولر شکل یعنی ایچ 2 او کی صورت میں دریافت کیا ہے۔زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ دریافت چاند کے اس حصے میں ہوئی جس کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہاں پانی نہیں پایا جاتا۔
2020 میں چاند کی سطح کے نمونے زمین پر واپس لانے والے چین کے چینگ ای 5 مشن کے نمونوں کا تجزیہ کرنے پر سائنسدانوں نے یہ دریافت کی۔انہوں نے انسانی بال جتنا ایک ایسا منرل دریافت کیا جس کے بارے میں اب تک علم نہیں تھا اور اسے یو ایل ایم 1 کا نام دیا گیا۔تحقیق کے مطابق یو ایل ایم 1 کرسٹل کا 41 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہے جبکہ اس میں موجود ایمونیا ایچ 2 او مالیکیولز کو مستحکم شکل میں برقرار رکھتا ہے۔محققین نے بتایا کہ پانی کی یہ قسم چاند پر انسانی آبادی کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔