اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 15 دنوں کے اندر اپوزیشن جماعتوں کا ایک گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کردیا۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب اور اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والی اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ایک گرینڈ الائنس بنائے گی۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی ناجائز گرفتاری اور اور تمام کارکنان کی گرفتاریوں کے خلاف آواز اٹھائے گی۔
اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان سابق وزیراعظم ہیں اور انہوں نے پاکستان کو کرکٹ کا عالمی کپ بھی دلوایا پھر بھی انہیں قید میں رکھا گیا ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پی ٹی آئی صوابی میں 5 اگست کو جلسہ منعقد کر رہی ہے جس کے میزبان علی امین گنڈاپور ہوں گے۔
عمر ایوب نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو عمران خان کے مقدمات سے الگ ہوجانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی ہونی تھی لیکن نیب نے نہیں ہونے دی۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے 88 کروڑ ایوان صدر کا خرچہ بڑھا دیا ہے اور شہباز شریف نے بھی وزیراعظم ہاؤس کا خرچ بڑھا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: توڑ پھوڑ کیس: عمران خان، قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت پیش کرنے کا حکم
پاکستان کے 90 فیصد عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔ فوج اور عوام کے درمیان ن لیگ فاصلے بڑھا رہی ہے۔