اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش موجود ہے۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میکرو اکنامک گورننس میں بہتری اور استحکام آئے گا تو معاشی نمو ممکن ہوگی، معیشت میں اسٹرکچرل مسائل ہیں، جب گروتھ بڑھاتے ہیں تو ادائیگیوں کے توازن کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ ریٹیلرز، بلڈرز، ریئلٹرز سمیت ہر شعبے کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا، زرعی ٹیکس صوبائی معاملہ ہے، توقع ہے صوبائی حکومتیں اسے نافذ کریں گی۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ شرح سود میں مزید کمی کی گنجائش بھی موجود ہے تاہم یہ اسٹیٹ بینک کا استحقاق ہے، پرامید ہوں اسٹیٹ بینک شرح سود بتدریج کم کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ میں ابھی بینکوں کے ساتھ بات کر کے آیا ہوں اور گزارش کی ہے کہ ڈائریکٹڈ لینڈنگ کی طرف نہیں جانا، کسی کا گھر یا گاڑیاں گروی نہیں رکھنا، بینکوں کو اجازت دی گئی ہے آپ خوردنی آئل منگوا لیں یا کچھ اور چیزیں منگوا لیں، بینکوں کو کاشتکاروں،چھوٹے کاروبار کےلیےقرضے دینے کا کہا ہے، نجی اداروں کو زیادہ سے زیادہ قرضے دیے جائیں۔