فیصل آباد (روشن پاکستان نیوز) 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر میںقانون نافذ کرنے والے اداروں کے فلیگ مارچ جاری ہیں۔
تفصیلا ت کےمطابق جمعرات 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے فلیگ مارچ جاری ہیں۔ چاروں صوبوں میں پاک فوج کے چاق وچوبند دستوں سمیت رینجرز، پولیس کے اشتراک سے فلیگ مارچ کیے جا رہے ہیں جن میں ضلع انتظامیہ کے نمائندے بھی شریک ہیں۔پنجاب میں گوجرانوالہ میں فلیگ مارچ پولیس لائنز سے شروع ہوا اور راولپنڈی بائی باس سے ہوتا ہوا واپس پولیس لائنز پر اختتام پذیر ہوا۔ اس کے علاوہ لاہور، شیخوپورہ ، قصور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جہلم، پنڈ دادن خان، تلہ گنگ میں بھی فلیگ مارچ کیے گئے۔
صوبہ سندھ میں پاک فوج، رینجرز اور پولیس کی جانب سے کراچی، حیدرآباد سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں فلیگ مارچ کیے گئے۔بلوچستان میں فلیگ مارچ حب باب بلوچستان سے شروع ہو کر منڈرا چوک، بھوانی چوک، نظر چورنگی گزرتا ہوا واپس حب سینٹر میں اختتام پذیر ہوا، اس کے علاوہ گوادر میں بھی پاک فوج کی جانب سے فلیگ مارچ کیا گیا۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی فوج کے چاق و چوبند دستوں سمیت فرنٹیئر کور ، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نےفلیگ مارچ میں حصہ لیا۔واضح رہے کہ پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے باہر کوئیک رسپانس فورس کے طور پر سیکیورٹی کیلیے تعینات ہوں گے۔پاک فوج اوردیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے الیکشن کے پُر امن انعقاد کے حوالے سے پرعزم ہیں اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔