جمعرات,  19  ستمبر 2024ء
عمران خان کی 3مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج

 

لاہور(روشن پاکستان نیوز )لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی 9مئی کے تین مقدمات میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائیکورٹ نے تینوں درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔دوران سماعت جسٹس طارق سلیم شیخ نے استفسار کیا کہ جب ہم یہ کیس سن رہے ہیں بانی پی ٹی آئی زیر حراست ہیں ؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ جی، وہ اس وقت زیر حراست ہیں، 9 جولائی کو ہماری ضمانتیں انسداد دہشتگری عدالت سے خارج ہو گئیں، ہم نے 13 جولائی کو لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دیں۔

جسٹس انوار الحق پنوں نے ریمارکس دیے ہم نے آفیشل ریکارڈ سے دیکھنا ہے کہ درخواستیں کب دائر ہوئیں،جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا یہ ریکارڈ سے ثابت نہیں ہو رہا کہ 13 جولائی کو آپ نے درخواستیں دائر کیں۔

جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہم ان درخواستوں کو واپس لینا چاہتے ہیں،لاہور ہائیکورٹ نے درخواستیں واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دیں۔خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جناح ہاؤس، تھانہ شادمان اور عسکری ٹاور حملہ کیس میں ضمانتیں خارج کرنے کا اے ٹی سی کا فیصلہ چیلنج کیا تھا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News