بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
وفاقی بجٹ میں ٹیکسز کی بھرمار، غریب کے بچے کی قلم دوات کو بھی نہ چھوڑا، اسٹیشنری پربھاری ٹیکس

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز)وفاقی بجٹ میں ٹیکسز کی بوچھاڑ نے غریب کے بچے کی قلم دوات کو بھی نہ چھوڑا ۔ اسٹیشنری پر 14 فیصد جی ایس ٹی سمیت 24 فیصد ٹیکسز کیخلاف لاہور اسٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن اورانجمن تاجران اردو بازار کے عہدیدران نے 10 روز میں ٹیکس واپس لینے کا الٹی میٹم دیدیا۔
وفاقی بجٹ میں حکومت نے کسی شعبے کو بھی نہ بخشا، غریب کے بچے کی قلم دوات بھی جی ایس ٹی کی زد میں آگئی۔لاہور اسٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران اردو بازار نے پریس کانفرنس کی ،صدر انجمن تاجران اردو بازار ابوذر غفاری گوہر،جنرل سیکرٹری جاوید اقبال ، صدرلاہور اسٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن جمیل فاضل، صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز سمیت تاجران کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔صدر ابوذر غفاری گوہر نے کہا 14 فیصد جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکسز ملا کر 24 فیصد ٹیکسز عائد کردیئے ۔۔
صدر لاہور اسٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن جمیل فاضل، صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویزاوردیگر نے کہا بدترین معاشی حالات نے پہلے ہی غریبوں کو جیتے جی مار ڈالا ہے۔ اسٹیشنری پر ٹیکسز کا مطلب غریب کے بچے سے تعلیم چھیننا ہے۔ ۔
لاہور اسٹیشنری مارٹ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے عہدیدروں نے حکومت کو 10 روز میں اسٹیشنری پر جی ایس ٹی ختم کرنے کا الٹی میٹم دیا، بصورت دیگر غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال پر جانے کا عندیہ دیدیا۔

مزید خبریں