بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
سپریم کورٹ فیصلے کے بعد حکمران اتحاد 77 مخصوص نشستوں سے محروم

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکمران اتحاد 77 مخصوص نشستوں سے محروم ہو گیا۔ یہ نشستیں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی کو الاٹ کی گئی تھیں۔سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن نے 13 مئی کو 77 مخصوص نشستیں معطل کی تھیں، منتازع نشستوں میں قومی اسمبلی کی 22 اور صوبائی اسمبلیوں کی 55 نشستیں شامل ہیں۔مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کو مزید 27نشستیں ملنے کا امکان ہے،پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ممبران پر مشتمل ہے جس میں 297اراکین جنرل نشستوں پر منتخب ہوتے ہیں، خواتین کی مجموعی طور پر 66 مخصوص جبکہ اقلیتی 8 نشستیں ہیں۔

تحریک انصاف کے پاس پنجاب اسمبلی میں 108ارکان ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدتحریک انصاف کو خواتین کی 24 اور 3 اقلیتی نشستیں ملنے کا امکان ہے۔پنجاب اسمبلی میں خواتین کی 24 مخصوص نشستیں اور 3 اقلیتی نشستیں معطل ہیں، پنجاب میں 23ن لیگ،2پیپلزپارٹی، ق لیگ اور آئی پی پی کو ایک ایک اضافی نشست حاصل ہوئی۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی 11،خیبر پختونخوا سے 8 نشستیں شامل، قومی اسمبلی کی معطل شدہ نشستوں میں 3 اقلیتی مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں۔ قومی اسمبلی کی 22 نشستوں میں سے 14 ن لیگ،5 پیپلزپارٹی اور 3 جے یو آئی کو ملی تھیں۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی خواتین کی 21 اور اقلیتوں کی 4 مخصوص نشستیں معطل ہیں، خیبرپختونخوا میں جے یو آئی (ف) کو 10 اور مسلم لیگ (ن) کو 7 اضافی سیٹیں ملی تھیں، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو سات اور اے این پی کو ایک اضافی نشست حاصل ہوئی تھی۔سندھ اسمبلی سے خواتین کی 2 مخصوص نشستیں اور 1 اقلیتی نشست معطل ہیں، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کو 2 اور ایم کیو ایم کو 1 مخصوص نشست ملی تھی۔

مزید خبریں