منگل,  03 دسمبر 2024ء
ملک بھر کی فلور ملز انڈسٹری کا 10 جولائی کو ہڑتال کا اعلان،دیکھیں تفصیل

 

لاہور (روشن پاکستان نیوز)فلور ملز اور ہول سیلرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر کی فلور ملز انڈسٹری نے 10 جولائی کو ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا۔ذرائع کے مطابق ہڑتال کی صورت میں ملک بھر کی 1500 فلور ملز بند ہو جائیں گی، پنجاب میں سب سے زیادہ 1100فلور ملز، کے پی میں 130 فلور ملز،سندھ میں 200 اور بلوچستان میں 70 فلور ملز کو تالا لگ جائے گا، ہڑتال کی صورت میں صوبائی دارالحکومت لاہور کی 100 سے زائد فلورملز بھی بند ہوں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے دو روز میں حکومت کے ساتھ مذاکرات نہ ہونے پر آٹا ایک بار پھر مہنگا ہونے کا خدشہ ہے، فلور ملز کے ہڑتال پر جانے کی صورت میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 90 روپے مہنگا ہونے کا امکان ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب کے نوٹیفکیشن کےمطابق 10 کلو کا تھیلا 900 روپے کا ہے جبکہ اکثر جگہوں پر 10 کلو آٹے کاتھیلا 930 سے 950 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، ود ہولڈنگ ٹیکس لگنے سے10 کلو آٹے کا تھیلا 990 روپے کا ہو جائے گا۔چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ ٹیکس ختم نہ ہوا تو ملک گیر ہڑتال ہو گی، ہڑتال کی صورت میں فلور ملز کو آف اور آن کرنے میں 5 دن درکار ہیں، 11 جولائی کو فلور ملز گندم کی واشنگ بند کر دیں گی، 12 جولائی کو گندم کی پسائی بند کر دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ 13 جولائی کو آٹے کی نقل و حمل مکمل طور پر بند کر دی جائے گی، 3 دن کا بیک لاگ پیدا ہونے سے مارکیٹ سے آٹا غائب ہو جائے گا۔

مزید خبریں