پیر,  08 جولائی 2024ء
کورکمانڈرز کانفرنس: عزم استحکام پر تنقید اور بلاجواز قیاس آرائیوں پر اظہار تشویش

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کی زیر صدارت265ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔

فورم نے امن و استحکام کیلئے شہداء، افواجِ پاکستان، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

کانفرنس میں ملکی سلامتی کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ” عزمِ استحکام” کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فورم نے انسدادِ دہشت گردی کے لئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے ضمن میں ”عزمِ استحکام“ کو اہم قدم قرار دیا۔

ملک میں پائیدار استحکام اور معاشی خوشحالی کے لیے”عزمِ استحکام“ کو دہشت گردی اورغیر قانونی سرگرمیوں (Illegal Spectrum) کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کے لئے وقت کا اہم تقاضہ قرار دیا گیا۔

چند حلقوں کی جانب سے ”عزمِ استحکام“ کے حوالے سے بلاجواز تنقید اورمخصوص مفادات کے حصول کے لئے قیاس آرائیوں پر اظہارِ تشویش کیا گیا۔

فورم نے علاقائی سلامتی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر غور اور علاقائی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔کانفرنس کے شرکاء نے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا

شرکاء نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ عسکری قیادت قوم کو درپیش چیلنجز کا بخوبی ادراک رکھتی ہے اور عوام کے تعاون سے اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے ایک پائیدار حل کے لئے کوشاں ہے۔

کانفرنس کے شرکاء نے سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کو ریاستی اداروں کے خلاف سازش قرار دیا۔

شرکاء کانفرنس نے کہا  ریاست مخالف بیرونی طاقتوں کی سرپرستی میں جاری ڈیجیٹل دہشت گردی کا مقصد جھوٹ، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے قوم میں نفاق اور مایوسی پھیلانا ہے۔افواج پاکستان اور پاکستانی قوم ان سازشوں سے نہ صرف آگاہ ہیں بلکہ دشمن کے مذموم مقاصد کو شکست دینے کیلئے پُرعزم اور متحد ہیں۔

فورم نے ملک میں جاری سماجی اور معاشی ترقی کے لئے کی جانے والی کوششوں کے لئے مکمل تعاون کا اعادہ کیا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے ،معاشی ترقی و استحکام کے لئے کی جانے والی حکومتی کوششوں کی مکمل تائید کی۔

آرمی چیف نے کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب  کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجز کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ سے تیار رہی ہے،درپیش چیلنجز کے باوجود پاک فوج پاکستان کے استحکام اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردارادا کرتی رہے گی۔

آرمی چیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی بیٹوں سے بات کرنے کی درخواست، جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری ،سماعت ملتوی

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News