هفته,  23 نومبر 2024ء
خیبرپختونخوامیں غیر قانونی سوسائٹیز کو سیل کرنے کا فیصلہ

 

پشاور(روشن پاکستان نیوز)خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے صوبے میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خزانہ مزمل حسین کی زیرصدارت اجلاس میں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) کے بغیر کام کرنے والی ہاؤسنگ سوسائٹیوں پر پابندی عائد کرنے اور ان پر جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو زرعی اراضی اور غذائی تحفظ کے لیے ایک اہم خطرہ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ماحولیاتی مسائل کا بھی سبب بنتے ہیں۔

ایک الگ پیش رفت میں، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RDA) نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری نہ کریں۔آر ڈی اے کے ترجمان کے مطابق اتھارٹی نے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن کو تیز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کی ہدایت پر آر ڈی اے نے بھی قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے تشکیل دی گئی، ٹاسک فورس نے چار غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کیپٹل ویلی، نیو ایئرپورٹ ٹاؤن، بنی محبوب اور گلشن بہار کے موضع کاتریان، ٹھلیاں اور پیلو میں کارروائیاں کیں۔

اس سے قبل واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ان کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی تھی جو پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کر رہی ہیں۔پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے اس عمل کو روکنے کے لیے رجسٹرار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ایف آئی اے سمیت تمام قانونی فورمز سے رجوع کیا۔

مزید خبریں