متحدہ عرب امارات (روشن پاکستان نیوز)متحدہ عرب امارات کے بلے باز محمد عثمان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔لاہور میں پیدا ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز نے چھ سالوں میں 85 بین الاقوامی میچز کھیلے، 38 ون ڈے اور 47 ٹی ٹوئنٹی میچز میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کی۔
عثمان نے اپناٹی ٹوئنٹی ڈیبیو فروری 2016 میں نیدرلینڈز کے خلاف کیا تھا جس کے بعد سکاٹ لینڈ کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ مجموعی طور پر، انہوں نے 38 ون ڈے میں 31.50 کی اوسط سے 1008 رنز بنائے جن میں ایک سنچری اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں جبکہ 47 ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے تین نصف سنچریوں کے ساتھ 891 رنز بنائے۔
وہ 2016 میں ایشیا کپ کے اسکواڈ کا بھی حصہ تھے جہاں انہوں نے متحدہ عرب امارات کے لیے سات میچز میں سب سے زیادہ 176 رنز بنائے۔