پیر,  04 نومبر 2024ء
صوبے کو بجلی نہ دی تو نیشنل گرڈ بند کردیں گے، علی امین گنڈاپور نے وفاق کو وارننگ دیدی

 

وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے ہمارے صوبے کو بجلی نہیں دی تو نیشنل گرڈ بند کردیں گے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماراصوبہ ہے، ہماری حکومت ہے، یہاں وہی ہوگا جو ہم چاہیں گے، اگرنیشنل گرڈ سے بجلی کم کی جائیگی تو یہاں سے نیشنل گرڈ کی بجلی کم کردوں گا۔

اُنہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ بیٹھ کربات کرنے پریقین نہیں، ہم نے جو کرناہے وہ ہم کریں گے، یہ بات میں کل اسلام آباد جاکر بھی کروں گا۔وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کہ شہباز شریف نے فون کیا کہ آئی ایم ایف کیلئے صوبے کی سپورٹ چاہیے، آئی ایم ایف کو کہوں گا یہ پیسہ ہمارے نام پر لیتے اور ٹیکس بھی ہم پر ڈالتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے صوبے کا پہلے پیسہ چاہیے، جو آپ نے دینا ہے، ہم نے ٹیکس فری بجٹ دیا عوام کو چھوٹ دی، وفاق نے لالی پاپ دیکر ٹیکس لگایا اور ہم پر بوجھ ڈالا۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں عدلیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کو جلد ختم کرے اور میرٹ کی بنیاد پر ان کا فیصلہ کیا جائے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جعلی کیسز میں جیل میں رکھا گیا ہے، اور ان کیسز کو آہستہ چلایا جا رہا ہے تاکہ انھیں لمبے عرصے جیل میں رکھا جا سکے، جس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کو اپنے نظریے اور تحریک سے پیچھے ہٹانا ہے، لیکن ایسا کبھی نہ ہوگا۔انھوں نے کہا بانی پی ٹی آئی نے قوم کو جگانے کی تحریک شروع کر رکھی ہے، عدلیہ سے اپیل ہے کہ کیسز کو جلد ختم کیا جائے اور میرٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے۔

مزید خبریں