اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)ملکہ کوہسار مری میں برفباری سے سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے 17 میل کے مقام پر سیاحوں کو روکنےکا فیصلہ کیا ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کے مطابق سیاحوں کا مری میں داخلہ روکنےکا فیصلہ رش میں اضافےکی وجہ سےکیاگیا۔ عرفان میمن کا کہنا ہے کہ رش میں کمی ہونے پر مزید سیاحوں کو داخل ہونےکی اجازت دی جائےگی، فیصلہ مری کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔
دوسری جانب خصوصی ایڈوائزری سے متعلق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) تیمور خان کا کہنا ہے کہ مری آنے والے سیاحوں کو انٹری پوائنٹس پر آگاہی پمفلٹ دیے جا رہے ہیں، ممکنہ برف باری پر سیاح اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں۔
سی ٹی او کے مطابق مری میں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو داخلےکی اجازت ہے، مری جانے والے سیاح گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈاستعمال کریں اور برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین لگائیں، سیاح اضافی گرم کپڑے بھی ساتھ لائیں اور دوران ڈرائیونگ گاڑی کے شیشے مکمل بندنہ کریں کیونکہ اس سےجان لیواکاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے۔ تیمور خان نے کہا کہ مری جانے والے سیاح گاڑیاں غلط پارک نہ کریں کیونکہ شہر میں محدود گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش موجود ہے۔