مکہ مکرمہ(روشن پاکستان نیوز)20 لاکھ سے زائد عازمین حج آج میدان عرفات میں حج کا رکن اعظم ’وقوفِ عرفات‘ ادا کررہے ہیں جبکہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکتر ماہر بن حمد خطبہ حج دے رہے ہیں۔
مسجد الحرام کے امام شیخ ڈاکٹر ماہر بن حمد المعیقلی نے حج کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کی ذات واحدِ مطلق ہے۔ اس کی رحمت نے ہر چیز کا احاطہ کر رکھا ہے۔ اللہ کا حق ہے کہ لوگ اُس سے ڈریں اور گناہوں سے بچیں۔
امامِ کعبہ نے مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی زندگی دھوکا ہے۔ انسان کو دیکھتے رہنا چاہیے کہ دنیا کی زندگی اسے دھوکے میں نہ ڈالے۔
صرف اللہ کی عادت کرنے ہی سے حتمی کامیابی اور نجات ممکن ہے۔ اللہ نے نبی اکرم صل اللہ علیہ وسلم کے احکام ماننے کا حکم دیا ہے۔ رسول اللہ کی پیروی کرنے والے ہی کامیاب ہوتے ہیں۔ اُن کے اتباع ہی میں دنیا و آخرت کی بھلائی مضمر ہے۔
امامِ کعبہ کا کہنا تھا کہ جو اللہ سے ڈرتا ہے اللہ اس کے راستے کھول دیتا ہے۔ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ ہمیں حقوق العباد کا بھی خیال رکھنا ہے۔ اچھے اخلاق کو اپنانا دین ہے۔ اللہ نے ہمیں حسنِ اخلاق، بھائی اور نیکی کو اپنانے کا حکم دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مصیبتوں اور فساد سے دور رہو، قرآن کہتا ہے جو ظلم کرتا ہے اس کی پکڑ ہو گی، جو مومنوں کو تکلیف دیتے ہیں کبھی فلاح نہیں پا سکتے۔
امام کعبہ نے کہا کہ ظلم کا بدلہ مل کر رہتا ہے۔ ایک دوسرے کا احترام لازم ہے۔ کوئی کسی کا تمسخر نہ اڑائے، برے ناموں سے نہ پکارے۔ احترام، وقار اور بھلائی ہی میں انسانیت ہے۔ تمام متنازع معاملات اللہ اور اللہ کے رسول صل اللہ علیہ وسلم کی طرف لوٹا دینے چاہئیں۔ صرف اللہ پر توکل سے نجات ملتی ہے۔
گزشتہ شب منیٰ میں قیام کے بعد عازمین حج آج قافلوں میں صورت میں میدان عرفات پہنچے ہیں۔ اُن کی آمد دن بھر جاری رہی۔ عرفات کے علاقے کی مسجدِ نمرہ میں حج کا خطبہ دیا گیا۔
مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ماہر حمد المعیقلی حج کا خطبہ دیں گے جسے اردو سمیت 50 زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔ اس موقع پر 20 لاکھ سے زائد عازمین حج ظہر اور عصر کی نماز ایک ساتھ ادا کریں گے۔
مناسک حج کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا۔ سعودی حکومت نے اس موقع عازمین حج کے لیے تمام ممکنہ سہولتوں کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کا بھی غیر معمولی انتظام کیا ہے۔
کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ تک بڑھنے کے ساتھ ہی سعودی حکام نے تمام عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ دھوپ اور گرمی سے بچنے کے لیے چھتری کا استعمال کریں اور پانی پیتے رہیں۔
سعودی وزارتِ صحت نے حجاج کرام کی صحت کا خاص خیال رکھنے کی غرض سے 34,000 سے زائد ڈاکٹرز، نرسوں، دواسازوں اور انتظامی عملے کو متحرک کیا ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا بھر سے 15 لاکھ سے زائد عازمین حج کرینگے
سات ایئر ایمبولینسس اور 730 ایمبولینسس بھی دستیاب ہیں جو عازمین کو ضرورت پڑنے پر طبی امداد فراہم کر رہی ہیں۔