جمعه,  03 جنوری 2025ء
مجھے جیل میں ایک قیدی کھانا بناکردیتا ہے،عمران خان

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونی چاہیئے کیونکہ یہ الیکشن کرانے میں ناکام رہے، یہ کبھی نہیں ہوا کہ بلے کے بغیر پارٹی 100 کرگئی اور میچ جیت گئی، سب مجھے خاموش کرنے میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طرح دھاندلی کور ہوجائے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کی کمرہ عدالت میں سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نے کہا سرجری ہونی چاہیئے، بالکل سرجری ہونی چاہیئے، سب سے پہلے محسن نقوی کی سرجری ہونے چاہییئے کیونکہ یہ الیکشن کرانے میں ناکام رہا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے فوجی شہید ہو رہے ہیں، جرائم بڑھ رہے ہیں، اس کا امریکا میں کیا کام ہے، اسلام آباد میں ڈکیتیاں ہو رہی ہیں لیکن ان کو کوئی پرواہ نہیں، محسن نقوی سب سے بڑا سفارشی ہے، اس کی کیا خصوصیات ہیں،اس کو نکالنا چاہیئے۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ، آئی جی جیل خانہ جات جیل میں موجود کرنل کے خلاف کارروائی کریں گے، مجھے فیملی ممبران، وکلاء اور سیاسی رہنماوں سے 30، 30 منٹ ملاقات کا وقت دیا جاتا ہے، مجھے جیل میں ایک قیدی کھانا بنا کر دیتا ہے اور 6 سے زائد لوگوں کو نہیں ملنے دیا جاتا۔

سابق وزیراعظم نے شکوہ کیا کہ نواز شریف اور آصف زرداری کے لیے گھر سے کھانا تیار ہو کر آتا تھا، نواز شریف اور آصف زرداری کے لیے کئی لوگ ملاقات کے لیے جیل آتے تھے، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرنٹنڈنٹ ن لیگ کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سب مجھے خاموش کرنے میں لگے ہوئے ہیں کہ کسی طرح دھاندلی کور ہوجائے، چیف الیکشن کمشنر نے دھاندلی کرائی پھر ان کے پاس جانے کا کہا جارہا ہے، میڈیا کو بند کرنا ان کا مقصد ہے تاکہ جھوٹ کو چھپایا جائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک کے اندر ذرائع آمدن کم ہو رہے ہیں اور قرضے بڑھتے جارہے ہیں، سیاسی استحکام کے بغیر سرمایہ کاری نہیں آئے گی، اگر آمدن نہیں ہو گی تو اخراجات کیسے ہوں گے، جس چیز سے ملک میں استحکام آئے اسی کو روک کر بیٹھے ہیں، ادھر ملک پھنس گیا۔

بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ جو پارٹی میدان میں نہیں آئی ان کو جتوایا گیا، الیکشن کا پوسٹ مارٹم ہونا چاہیئے، اگر 3 یا 4 حلقے کھلیں تو سارا الیکشن مشکوک ہو جائے گا، یہ کبھی نہیں ہوا کہ بلے کے بغیر پارٹی 100 کرگئی اور میچ جیت گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں ہمارے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں ، پی ٹی آئی کے لوگ جہاں کنونشن کرتے ہیں ان کو اٹھا لیا جاتا ہے، 18 سال سے شبلی فراز ایک گھر میں رہائش پذیر ہیں اس پر دھاوا بولا گیا، اپنی جماعت کو پیغام دیا کہ ہے تیاری کریں ملک بھر میں احتجاج ہو گا۔

صحافی نے سوال کیا کہ ن لیگ کے ایم این اے بیرسٹر عقیل ملک آج کی سماعت میں مشاہدے کے لیے عدالت میں موجود ہیں، اس پر کیا کہیں گے، جس پر عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اور ہمارے ایم این ایز کو جیل میں آنا چاہیئے۔

مزید خبریں