اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)نجی میڈیکل کالجز نے طلبہ سے سالانہ لاکھوں روپے اضافی فیس وصول کرلی، ایم بی بی ایس کا پانچ سالہ پروگرام 45 لاکھ روپے تک مہنگا کردیا گیا، 5 سالہ فیس ایک کروڑ 58 لاکھ 73 ہزار تک پہنچ گئی۔
غیر قانونی طور پر فیس وصولی کے ذریعے ایم بی بی ایس کے طلبہ سے سالانہ 9 لاکھ روپے تک اضافی وصول کیے جا چکے ہیں، نجی میڈیکل کالجوں کی طرف سے سپریم کورٹ کے فیصلوں کی بھی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
سابق نگراں وزیرصحت ندیم جان میڈیکل کالجوں سے غیرقانونی فیس واپس کروانے والے تھے کہ حکومت ختم ہوگئی جس کے بعد معاملہ پی ایم ڈی سی کی فائلوں میں دب گیا۔
ملک میں 70 سے زائد نجی میڈیکل کالج ہیں جن میں سے بیشتر نے حکومت کی اجازت کے بغیر ہی فیسوں میں بھاری اضافہ کردیا۔ سابق نگراں وزیر صحت ندیم جان نے ایم بی بی ایس کی بڑھتی فیسوں کا نوٹس لیا تھا۔
2024 سیشن کے داخلوں سے قبل فیسوں میں کمی کے لیے ایک کمیٹی بھی بنائی جس نے ایم بی بی ایس کی 5 سالہ فیس ایک کروڑ روپے تک تجویز کی۔
ڈاکٹر ندیم جان فیسوں میں مزید کمی چاہتے تھے مگر نجی میڈیکل کالجز نے داخلے شروع کیے اور پی ایم ڈی سی کی منظوری کے بغیر ہی من مانی فیسیں وصول کرنا شروع کردیں، کسی نے سالانہ 5 لاکھ روپے، کسی نے 7 لاکھ اور کسی نے 9 لاکھ روپے تک اضافی فیس وصول کی، اس طرح ملک بھر میں نجی میڈیکل کالجز کی فیسیں کم ہونے کے بجائے تقریباً 40 فیصد تک بڑھ گئیں۔