پیر,  16  ستمبر 2024ء
اسٹیبلشمنٹ مجھ سے ناراض ہے کیونکہ۔۔۔۔شیخ رشیدنے آخر کا ر اسٹیبلشمنٹ ناراضگی کی وجہ کھل کر بتا ہی دی

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ مجھ سے ناراض ہے کیوں کہ وہ بیان نہیں پڑھا جو مجھے لکھ کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی ناراضگی مجھ سے برقرار ہے کیوں کہ میں نے وہ بیان نہیں پڑھا جو انہوں نے مجھے لکھ کر دیا تھا، میرا ضمیر نہیں مانا کہ کسی بیوی کے بارے میں نازیبا باتیں کروں، جو بیان لکھ کر دیا گیا تھا وہ اتنا اچھا نہیں تھا حالانکہ میں نے حلف دیا ہے کہ میں نہ بشریٰ بیگم کو جانتا ہوں نہ کبھی ان سے ملا ہوں، اگر وہ میں پڑھ دیتا تو میں الیکشن جیت جاتا۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ فوج کے لئے میں نے قربانی دی ان سے مجھے یہ توقع نہیں تھی کہ میرے ساتھ یہ سلوک کیا جائے گا، ہم سب ناکام ہو چکے ہیں، اداروں سمیت صرف ایک اکیلا شخص پورے نظام کو شکست دے چکا ہے، دو مہینے مجھے خاموشی اختیار رکھنی ہے، قربانی کے بعد بڑی قربانی ہوگی۔

علاوہ ازیں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جون اہم مہینہ ہے ،اگلے 45دن اہم ہیں، فوج کی عزت ہمیں جان سے زیادہ عزیز ہے لیکن ایسے کیا پیغام جا رہا ہے، ملک میں اب سیاسی فیصلے ہوں گے لوگ تنگ ہیں،ملک کو تباہی سے بچایا جائے ملک تباہی کے کنارے کھڑا ہے، عدالتیں چھوٹی پڑ گئی ہیں بے گناہ لوگوں کی تعداد زیادہ ہے، اڈیالہ جیل میں غریب لوگ قید ہیں، اس گرمی میں 500 لوگوں کی عدالت میں پیشی ہوتی ہے، جیلوں میں اس وقت 80 سے 90 فیصد لوگ بے گناہ قید ہیں

انہوں نے کہا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید پڑھی لکھی خواتین ہیں، ان کی رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری قابل مذمت ہے ، ان کی رہائی کیلئے حکومت کو سوچنا چاہئے،ملکی حالات سے تنگ سرمایہ کار ملک سے باہر جا رہے ہیں تو ایسے حالات میں بیرون ملک سے کون اپنا سرمایہ لے کر پاکستان آئے گا اور ملک میں اپناسرمایہ لگائے گا، ملک کو تباہی سے نکالنے کیلئے سوچنا ہوگا ،بے گناہ لوگوں کی رہائی کیلئے حکومت کو سوچنا چاہئے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News