پیر,  16  ستمبر 2024ء
عدالتی رپورٹرز کو عدالتی کارروائی کی کوریج کرنے کی اجازت دیدی گئی

 

کراچی(روشن پاکستان نیوز)سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) نے پیر کو عدالتی رپورٹرز کو عدالتی کارروائی کی کوریج کرنے کی اجازت دے دی۔تفصیلات کے مطابق عدالت نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر حکم امتناعی جاری کر دیا جس میں عدالتی رپورٹنگ پر پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے پیمرا، وزارت اطلاعات اور دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 6 جون تک جواب طلب کرلیا۔ایڈووکیٹ عبدالمعیز جعفری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا کو ایسی ہدایات جاری کرنے کا کوئی اختیار نہیں اور یہ فیصلہ کرنا عدلیہ کا اختیار ہے کہ کیا رپورٹ کیا جا سکتا ہے اور کیا نہیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ احمد علی شیخ نے ریمارکس دیے کہ عدالتی رپورٹرز بھی اپنی رپورٹنگ میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، بعض ریمارکس سے بعض اوقات غلط تاثر پیدا ہوتا ہے۔جس پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے حتمی فیصلے کے اعلان تک نیوز چینلز کو ’جاری عدالتی مقدمات‘ کے بارے میں مواد نشر کرنے سے روک دیا۔میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے زیر سماعت مقدمات سے متعلق خبروں پر پابندی عائد کرتے ہوئے چینلز کو ہدایت کی کہ وہ صرف عوامی مفاد میں معلومات نشر کریں۔

پیمرا نے میڈیا آؤٹ لیٹس کو بھی ہدایت کی کہ وہ ’عدالتی مقدمات پر اپنی رائے‘ ظاہر کرنے سے گریز کریں۔ اس نے ٹی وی پروگراموں میں جاری عدالتی مقدمات پر اس طرح بحث کرنے کے خلاف بھی انتباہ کیا جس سے تحقیقات یا مقدمے کی سماعت پر ’اثر‘ پڑسکے۔ریگولیٹری باڈی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صرف وہی معلومات جو عوام کے لیے ضروری سمجھی جائیں میڈیا چینلز کے ذریعے پھیلانے کی اجازت دی جائے گی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News