کراچی(روشن پاکستان نیوز)میٹرک کا امتحان دینے والے طلبہ کے لیے بڑی خبر آگئی، تعلیمی بورڈ کا کہنا ہے کہ 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک کے امتحانات نہیں ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سندھ میں گرمی کی لہر کے خدشے کے پیش نظر بڑا فیصلہ کر لیا گیا، کراچی میں انٹر کے بعد میٹرک کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے۔
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کا کہنا ہے کہ 21 سے 27 مئی کے درمیان میٹرک کے امتحانات نہیں ہوں گے، ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہونے والے میٹرک کے امتحانات وزیر تعلیمی بورڈز اور یونیورسٹیز کے حکم پر ملتوی کیے گئے ہیں۔ثانوی تعلیمی بورڈ نے مزید بتایا کہ میٹرک کے امتحانات 28 مئی سے شیڈول کے مطابق ہوں گے تاہم 21 سے 27 مئی کے درمیان ملتوی ہونے والے پرچے کے امتحان بعد میں لیے جائیں گے۔
گزشتہ روز گرمی کی لہر کے باعث سندھ بھر میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کی تاریخ تبدیل کردی گئی، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈ محمد علی ملکانی کی سفارش پر امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق انٹر کے امتحانات 22 مئی کی بجائے 27 مئی سے ہوں گے۔