وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور پیسکو چیف کے درمیان آج ملاقات ہوئی جس میں پیسکو چیف نے صوبے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور پیسکو چیف نے صوبے میں لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
نئے شیڈول کے مطابق جن علاقوں میں پہلے 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی وہاں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی اور جن علاقوں میں 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی وہاں 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نئے شیڈول پر عمل درآمد کے لیے پیسکو حکام آج ہی چیف سیکرٹری کے ساتھ مل کر طریقہ کار طے کریں، اگر کسی گرڈ میں شیڈول سے ایک منٹ بھی زیادہ لوڈشیڈنگ ہوتی ہے تو متعلقہ ایگزون کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ .
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بجلی سے متعلق مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت سے بات کرنے کو تیار ہیں، بات اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک عوام کو لوڈشیڈنگ سے فوری ریلیف نہیں مل جاتا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت بقایا جات میں کٹوتی کرکے عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، صوبے میں لائن لاسز کے ذمہ دار وفاقی حکومت اور پیسکو ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزیر بجلی کو پرسوں سی ایم ہاؤس بلایا گیا ہے۔