راولپنڈی (نیوزڈیسک) انٹیلی جنس رپورٹس نے پاکستان کے بڑے شہروں میں دہشتگردی کے خطرے کی گھنٹی بجا دی ، ملک میں الیکشن سے قبل دہشتگردی کی تازہ لہر کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق ٹی ٹی پی سمیت مسلح گروہوں کی ممکنہ دہشتگردانہ سرگرمیوں کے بارے میں انٹیلی جنس اطلاعات ہیں جس کے باعث پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو الرٹ جاری کردیا۔رپورٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ تقریباً 17 خودکش بمباروں کو اہم شہروں کو نشانہ بنانے کا ٹاسک مل چکا ہے، جس کی وجہ سے ملک بھر میںسکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔انٹیلی جنس انتباہ کے مطابق ٹی ٹی پی کی قیادت کے ذریعے پاکستانی شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کے منصوبوں کا پتہ لگایا۔ اطلاعات کے مطابق، ٹی ٹی پی کو مبینہ طور پر افغان حکام سے فنڈز موصول ہوئے۔حملوں میں، ٹی ٹی پی اور اس کے منقسم گروہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کیلئے نائٹ ویژن شیشے اور راکٹ لانچرز جیسے جدید ترین ہتھیاروں کا استعمال کرسکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق بلوچ مسلح گروہ مقامی کمیونٹیز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ممکنہ طور پر بھارتی انٹیلی جنس کی مدد سے نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔خطرات کے پیش نظر تنصیبات، شہر کے داخلی راستوں اور خارجی راستوں پر حفاظتی اقدامات کو بڑھا دیا گیا ہے۔