اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی صدر شہلا رضا نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ شہلا رضا نے 27 اپریل 2024 کو پی ایچ ایف کی صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
شہلا رضا نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر آئی پی سی احسن اقبال اور رانا مشہود کو بھجوا دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ پی ایچ ایف کانگریس کو بھی جمع کرا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اجلاس میں جو وعدے کیے گئے ان پر عمل نہیں ہوا، اجلاس میں جو فیصلہ ہوا اسے اہمیت نہیں دی گئی۔ مسئلہ حل کرنے کے لیے کمیٹی بنانے کا کہا گیا لیکن وہ نہیں بنی۔
شہلا رضا کا مزید کہنا تھا کہ حیدر حسین کو سیکرٹری کے طور پر کام کرنے کا کہا گیا لیکن وہ اس پر عمل نہیں کر سکے، پی ایچ ایف کے آئین اور قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ ہمیں استعفیٰ دینے سے روکا گیا کہ آپ کی بات مانی جائے گی۔