اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)گندم اسکینڈل پر مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی اور سابق وزیراعظم انور حق کاکڑ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ رات نجی ہوٹل میں تلخ کلامی ہوئی اور ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی گئی۔
انور حق نے حنیف عباسی سے کہا کہ آپ نے گندم کے معاملے پر ہم پر انگلی اٹھائی ہے، کیا آپ ہمیں گرفتار کرنے آئے ہیں؟ جس پر حنیف عباسی نے کہا کہ قسم کھا کر کہتا ہوں کہ آپ چور ہیں گندم سکینڈل میں پیسے کھا گئے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ میں نے پروگرام میں جو بھی بات کی وہ بالکل درست تھی۔ جواب میں انور حق کاکڑ نے کہا کہ اگر آپ فارم 47 کی بات کریں گے تو آپ کو اور ن لیگ کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
گندم امپورٹ سکینڈل پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے سیکرٹری فوڈ سیکیورٹی کو برطرف کردیا۔
وزیراعظم نے گندم کی درآمد سے متعلق تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی۔ انکوائری کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری کابینہ ڈویژن کریں گے۔
وزیراعظم نے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی سے گزشتہ سال گندم کی درآمد کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ گزشتہ سال گندم کی اچھی پیداوار کے باوجود درآمد کا فیصلہ کیوں کیا گیا۔