اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے موقع پر الیکشن کمیشن نے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے جوانوں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق پولیس، آرمی اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، پہلے درجے میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکار، دوسرے درجے میں سول آرمڈ فورسز فرائض سرانجام دیں گے، اور پاک فوج کے اہلکار تیسرے درجے میں فرائض انجام دیںگے۔
پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے باہر تعینات ہوں گے۔ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ غیر جانبدار رہیں گے۔
ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں پاک فوج کے اہلکار پریذائیڈنگ افسر کو آگاہ کریں گے، اگر پریذائیڈنگ افسر کارروائی نہیں کرتا تو پاک فوج کے اہلکار ریٹرننگ افسر کو آگاہ کریں گے۔
پاک فوج اور سویلین آرمڈ فورسز کے اہلکار کسی ووٹر کو پولنگ سٹیشن میں داخل ہونے سے نہیں روکیں گے۔
پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکار پریذائیڈنگ آفیسر اور ریٹرننگ آفیسر کے اختیارات میں مداخلت نہیں کریں گے۔ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں پریذائیڈنگ آفیسر کی اجازت کے بغیر کوئی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران افسران مداخلت نہیں کریں گے۔