منگل,  21 مئی 2024ء
بے بنیاد الزامات فوج میں دراڑ ڈالنے کی کوشش، کامیاب نہیں ہونے دیں گے: کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اعلیٰ عسکری حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں کسی بھی جگہ سے دہشتگردوں کو فعال ہونے نہ دیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈر ز کانفرنس میں شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں اور شہریوں سمیت شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ شہداء نے ملک میں امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
فورم نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشت گرد حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی، ساتھ ہی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے فلسطینی عوام سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔
کانفرنس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ افغانستان سے سرگرم دہشتگرد گروہ علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اگر فریقین نے کشیدگی کم نہ کی تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی آرمی چیف اور دیگر سربراہان کیطرف سے قوم کو عید الفطر کی مبارکبادو اہم پیغام جاری

فورم نے مسلح افواج کے خلاف مبنی پروپیگنڈا مہم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وطیرہ بن چکا ہے، ان الزامات کا مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سازشی عناصرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News