سکھر(روشن پاکستان نیوز)رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ 300 یونٹ تک مفت بجلی کیلئے سولر سسٹم دیا جارہاہے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سولر سسٹم کے 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جارہی ہے، تاہم اس میں وقت لگے گا۔
رہنما پی پی کا کہنا تھا کہ حکومتیں جلسوں اور جلوسوں سے نہیں چلتیں، آئین کے مطابق اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں کردار ادا کرنا چاہیے، اپوزیشن نے آئین کے مطابق اپنا کردار ادا نہ کیا تو حکومت کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے بھی ہو جائیں تو سب مصنوعی ہو گا، ہمیں ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنا ہے، تمام تر وسائل کے باوجود مسائل حل نہیں ہو رہے۔
خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں صحت سے متعلق بہت سے مسائل ہیں، محکمہ صحت میں کرپشن کی وجہ سے مسائل سامنے آئے ہیں، نگراں سیٹ اپ میں سوال کرنے والا کوئی نہیں تھا، اس لیے اداروں کا برا حال ہے۔