هفته,  27 جولائی 2024ء
ووٹ کی عزت کے دعویدار اپنا نظریہ چھوڑ چکےعمران خان سے کہہ کر تھک گئے کہ گالم گلوچ نہ کرو.بلاول

لاہور(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کبھی شو باز تو کبھی کوئی وسیم اکرم پلس کردیا جاتا ہے، ووٹ کی عزت کے دعویدار اپنا نظریہ چھوڑ چکے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے کہہ کر تھک گئے کہ گالم گلوچ نہ کرو۔

جلسے سے خطاب میں بلاول نے مسلم لیگ ن کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اپنا نظریہ چھوڑسکتے ہیں،ہم اپنا نظریہ نہیں چھوڑ سکتے۔

انھوں نے کہا کہ لیگی کارکنوں میرے ساتھ آئیں میں آپ کی عزت کروں گا، انتخابات میں تیر اور شیر کا مقابلہ ہے، آپ میرا ساتھ دیں، انتقام کی سیاست کو دفن کردوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین کی بہن بیٹیوں کو جیل میں ڈالنا سیاست نہیں، میں خود بھی ظلم سے گزرا ہوں، نہیں چاہتا کوئی ظلم سے گزرے۔ 30 سال سے انتقام کی سیاست سے گزر رہا ہوں، میں نفرت اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ لاہور کے عوام سے کہتا ہوں کہ مایوس نہ ہوں، ملک بحران کا شکار ہے، تاریخ میں ایسا بحران نہیں دیکھا، ملک میں سیاسی اور جمہوری بحران ہے، پیپلزپارٹی ملک کو معاشی و جمہوری بحران سے نکال لے گی۔

انھوں نے کہا کہ حالات مشکل ضرور ہیں مگر ہم مایوس نہیں، ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کی جارہی ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست سے معاشرہ تقسیم ہورہا ہے، پیپلزپارٹی عوام کی مدد سے نفرت کی سیاست کو دفن کردے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جو دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے میں اس سر کو کاٹ دوں گا، ہم ملک کو درپیش تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News