اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز )تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان سمیت درجنوں کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
علیمہ خان کے خلاف مقدمہ عمران خان کی رہائی کے لیے دعائیہ تقریب کے دوران عوامی شاہراہ بلاک کرنے، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری اہلکاروں سے مزاحمت کرنے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں جو تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سجاد احمد نے درج کرائی۔
کیس میںعلیمہ خان کے علاوہ بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد، سینیٹر سمیع زیدی، عاصمہ قدیر، میجر (ر) اقبال خٹک، زیاد خالق کیانی، طارق عزیز بھٹی، کرنل (ر) اجمل صابر، نیاز اللہ نیازی، تنویر اسلم اور دیگر بھی موجود ہیں۔
مقدمے میں درج کیا گیا ہے کہ ملزمان نے لیاقت آباد پولیس ریسکیو ون فائیو کے سامنے روڈ بلاک کر کے نعرے بازی کی۔