پیر,  07 اکتوبر 2024ء
ایرانی فضائی حدود کا استعمال ترک کرنے سے پاکستان کی پروازیں متاثر

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان کی جانب سے ایران کی فضائی حدود کا استعمال ترک کرنے کے بعد ابتدائی 24 گھنٹوں کے دوران 50 پاکستانی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ دوسری طرف سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں ڈومیسٹک پرواز کے مسافروں پر ائیرپورٹ چارجز کی مد میں 100روپے فیس مقررکر دی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی کویت سٹی سے سیالکوٹ لاہور کی پروازوں کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جبکہ افغانستان کی فضائی حدود پہلے ہی بند ہونے سے کراچی سے ٹورنٹو کی پی آئی اے کی پرواز سب سے زیادہ متاثر ہورہی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ کراچی سے ٹورنٹو آنے جانے کی پروازیں پی کے 783 اور 784 طویل دورانیے لگ بھگ پونے 2 گھنٹے تک ایران کی فضائی حدود استعمال کرتی رہی ہیں اور اب ان کا مجموعی دورانیہ ایک گھنٹہ زیادہ ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق بندش کے پہلے 24 گھنٹے میں پی آئی اے کی 40 پروازیں متاثر ہوئیں، پی آئی اے کی جدہ لاہور کی پرواز پی کے 736 نے 39 ہزار فٹ اور لاہور ریاض کی پرواز پی کے 725 نے 36 ہزار فٹ کی بلندی سے آخری مرتبہ 18 جنوری کو دن 11 بجے کے آس پاس ایرانی فضائی حدود استعمال کی، اب یہ پروازیں تربت اور گوادر سے ہوتے ہوئے گلف عمان کی فضائی حدود میں داخل ہوتی ہیں۔

اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان سے جدہ، ریاض، مدینہ، شارجہ، دبئی، ابوظبی، دمام اور کویت سٹی کی پروازیں ایرانی حدود استعمال کرتی رہی ہیں۔

لاہور اور سیالکوٹ سے کویت سٹی کی پروازیں ڈیڑھ گھنٹے سے زائد ایران کی فضائی حدود استعمال کرتی رہی ہیں۔

پاک ایران کشیدگی کے بعد پاکستانی فضائی حدود استعمال کرکے اوور فلائنگ کرنے والی پروازوں میں ریکارڈ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرکے گزرنے والی پروازوں کی تعداد 450 تک رہی جبکہ عام دنوں میں یومیہ 700 سے 750 پروازیں پاکستانی فضائی حدود سے گزرتی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کے استعمال سے سی اے اے کو ایئرلائنز ڈالر کی صورت میں ادائیگی کرتی ہیں۔

پاکستانی حدود میں پروازوں کی اووفلائنگ میں کمی سے سی اے اے آمدنی پر بھی منفی اثر پڑے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر میں ڈومیسٹک پرواز کے مسافروں پر ائیرپورٹ چارجز کی مد میں 100روپے فیس مقررکر دی ہے۔

ائیرلائنز مسافروں سے چار جزوصول کرکے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دیں گی، سول ایوی ایشن کی جانب سےڈومیسٹک پروازوں کے مسافروں پرفیس وصول کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن کا نیا ہدایت نامہ ائیرلائنز کو موصول ہوگیا ہے، مسافروں سے چارجز کی وصولی کا حکم نامہ 15جنوری سے نافذالعمل ہوگیا۔

مزید خبریں