اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) واٹس ایپ میں حالیہ برسوں کی چند بڑی اپ ڈیٹس میں سے ایک متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق میٹا کے زیرملکیت میسجنگ ایپ میں یوزر نیم پر مبنی کمیونیکیشن سسٹم کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
اس نئے فیچر کے تحت صارفین کو ایک دوسرے سے ٹیکسٹ چیٹ، آڈیو یا ویڈیو کالز کے لیے فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں رواں سال کی یہ سب سے بڑی اپ ڈیٹ 2026 کے وسط میں دنیا بھر میں متعارف کرائی جائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی نے جون میں اسے متعارف کرانے کا ہدف طے کیا ہے اور اس طرح میسجنگ پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا طریقہ ہمیشہ کے لیے بدل جائے گا۔
واٹس ایپ میں ایسے بہترین فیچر کی آمد جو اب تک اس سروس کا حصہ نہیں تھا
اس تبدیلی سے صارفین کی پرائیویسی کو زیادہ تحفظ ملے گا کیونکہ لوگوں کو چیٹ کے لیے اپنے ذاتی فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مختلف پلیٹ فارمز جیسے انسٹا گرام اور فیس بک میں پہلے ہی یوزر نیم سپورٹ فراہم کی جاتی ہے اور ٹیلیگرام اور سگنل جیسی میسجنگ ایپس میں بھی اس سے ملتے جلتے فیچرز کافی عرصے سے صارفین کو دستیاب ہیں۔
اس سے قبل مختلف رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ یوزر نیم سسٹم کو آپشنل پرائیویسی فیچر کے طور پر متعارف کرایا جائے گا اور فون نمبروں کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جائے گا۔
یعنی صارف خود طے کرسکیں گے کہ کسی سے رابطے کے لیے اپنے منفرد یوزر نیم کو استعمال کریں یا موبائل نمبر کا استعمال جاری رکھیں۔
یوزر نیم فیچر پر واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے کام کیا جا رہا ہے مگر اب پہلی بار اسے متعارف کرانے کی تاریخ سامنے آئی ہے۔
یوزر نیم رکھنے کا انحصار ان کی دستیابی پر ہوگا اور جن افراد کے پاس آپ کا فون نمبر ہے وہ ممکنہ طور پر پرانے طریقے سے ہی آپ سے رابطہ کرسکیں گے۔
یوزر نیمز کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے فیچر گیسٹ چیٹس کی آزمائش بھی کی جا رہی ہے۔
اس فیچر سے صارفین ان افراد سے رابطہ کرسکیں گے جن کا واٹس ایپ اکآنٹ نہیں ہوتا اور ایسا براؤزر پر مبنی لنک سے ہوگا۔











