اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نئے ڈیجیٹل دور کے آغاز کیلیے پی ٹی اے نے بڑا اعلان کر دیا۔
پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کی تاریخ آگئی۔ پی ٹی اے نے نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز/5G اسپیکٹرم نیلامی کا اعلان کر دیا۔
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے مطابق ملک میں 5G اسپیکٹرم نیلامی 10 مارچ 2026 کو ہو گی جس کے لیے شیڈول کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ٹیلی کام آپریٹرز کو تیاری کے لیے مکمل وقت دیا گیا۔
پی ٹی اے نے شفاف اور مسابقتی فائیو کی نیلامی یقینی بنانے کا عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد طے ہوئی۔
پی ٹی اے نے انفارمیشن میمورنڈم وفاقی حکومت کے پالیسی ڈائریکٹو کی روشنی میں جاری کیا ہے، جس میں فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق اہم شرائط اور ضوابط شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے مطابق ہر ٹیلی کام آپریٹر ہر سال 1 ہزار نئی کام سائٹس لگانے کے پابند ہوگا، پہلے مرحلے میں وفاقی دارالحکومت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں فائیو جی لانچ کیا جائے گا۔ ٹیلی کام کمپنیاں وفاق اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں موجودہ ٹاورز کے 10 فی صد کو فائیو جی پر منتقل کرنے کی پابند ہوں گی۔
انفارمیشن میمورنڈم میں فور جی کی کم سے کم سپیڈ 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 20 ایم بی پی ایس مقرر کر دی گئی ہے، کمپنیاں پہلے سال انٹرنیٹ اسپیڈ کو 4 ایم بی پی ایس سے بڑھا کر 10 ایم بی پی ایس کرنے کی پابند ہوں گی۔
پاکستان میں فائیو جی لانچنگ کے حوالے سے پی ٹی اے نے بڑا قدم اٹھا لیا
فائیو جی کے لیے کم سے کم سپیڈ 50 ایم بی پی ایس مقرر کی گئی ہے، پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ فائیو جی سروس کو بڑے شہروں میں تیزی سے پھیلایا جائے گا، کمپنیاں 20 دن میں انفارمیشن میمورنڈم پر تجاویز پی ٹی اے کو دے سکتی ہیں، اور 26 کے بعد فائنل انفارمیشن میمورنڈم جاری کیا جائے گا۔
فائیو جی کے لیے 6 بینڈز میں کل 597.2 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا، 700 میگا ہرٹس بینڈ میں 30 میگا ہرٹس سپیکٹرم کی نیلامی کی جائے گی، 1800 میگا ہرٹس بینڈ میں 7.2 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلام کیا جائے گا، 2100 میگا ہرٹس بینڈ میں 40 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلام کیا جائے گا۔
2300 میگا ہرٹس بینڈ میں 50 میگا ہرٹس سپیکٹرم آکشن کیا جائے گا، 2600 میگا ہرٹس بینڈ میں 190 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلام کیا جائے گا، جب کہ 3500 میگا ہرٹس بینڈ میں 280 میگا ہرٹس سپیکٹرم نیلام کیا جائے گا۔











